ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی میں طلبا پرپولس بربریت کے خلاف پرینکا گاندھی کا انڈیا گیٹ پر دھرنا

دہلی میں طلبا پرپولس بربریت کے خلاف پرینکا گاندھی کا انڈیا گیٹ پر دھرنا

Tue, 17 Dec 2019 02:57:42    S.O. News Service

نئی دہلی 16/ڈسمبر (ایس او نیوز/ ایجنسی )اتوار کی رات کو جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طالب علموں پر پولس کی بربریت کی سخت مذمت کرتے ہوئے  کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس کے لیڈران نے  انڈیا گیٹ پر دھرنا دیا،اس دوران پرینکا گاندھی نے مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ یہ ملک غنڈوں کی جاگیر نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ "حکومت نے آئین کو بہت بڑا جھٹکا دیا ہے، یہ ملک کی روح پر حملہ ہے، کیونکہ نوجوان قوم کی روح ہیں۔ اور کسی بات کو لے کر مظاہرہ کرنا طالب علموں کا حق ہے‘‘۔

پرینکا گاندھی نے کہا، ’’میں بھی ایک ماں ہوں، آپ ان کی لائبریری میں داخل ہوئے، ان کو  گھسیٹتے ہوئے باہر نکالا اور ان کی وحشیانہ طریقے سے پٹائی کی، یہ ایک ظلم ہے، کانگریس کا ایک ایک کارکن اس ظلم کے خلاف لڑے گا اور طالب علموں کے ساتھ کھڑا ہوگا‘‘ـ

انڈیا گیٹ پر پرینکا گاندھی کے ساتھ پارٹی  کے سیکرٹری جنرل سکریٹری وینو گوپال، سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی، احمد پٹیل، امبيكا سونی، یوتھ کانگریس صدر سرینواس سمیت پارٹی کے کئی بڑے لیڈران  بھی دھرنے پر بیٹھے تھے، اس دوران انڈیا گیٹ پر لوگوں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے ارد گرد کے تین میٹرو اسٹیشن بند کر دییے گئے ۔ دہلی میٹرو نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ لوک کلیان مارگ، پٹیل چوک، سنٹرل سکریٹریٹ، ادھوگ بھون میٹرو کی انٹری اور ایگزٹ گیٹ کو بند کر دیا گیا ہے، ان میں پٹیل چوک اور ادھوگ بھون میٹرو اسٹیشن پر میٹرو کا اسٹاپ نہیں ہوگا۔

اس سے پہلے دھرنے کی معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رنديپ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی اور اے ایم یو کے طالب علموں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے دھرنا دیا گیا جس میں پرینکا گاندھی  دو گھنٹے کے لئے انڈیا گیٹ پر دھرنے پر بیٹھیں گیں۔ اس کے علاوہ پرینکا گاندھی کا یہ دھرنا خواتین کے تحفظ کے مسئلے کو لے کر بھی ہے۔ گزشتہ رات جامعہ میں پولس کارروائی میں بہت سی طالبات بھی زخمی ہوئی ہیں، ان طالبات کا الزام ہے کہ دہلی پولس نے ان پر حملہ کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی بھی کی۔


Share: